عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 30 کروڑ40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس قرض سے چلنے والا پروگرام پبلک سیکٹرکے مالی امور میں بہتری لائے گا جب کہ پروگرام کے تحت وفاق اور پنجاب میں پبلک فنانس منیجمنٹ سسٹم کو مضبوط کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق اس پروگرام سے پاکستان کو محصولات اکٹھے کرنے میں آسانی ہوگی جبکہ پروگرام رئیل اسٹیٹ کے کاروبارکو رجسٹرڈ کرنے میں مددگارہوگا۔
علاوہ ازیں عالمی بینک کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پروگرام سے کاروباری افراد کے لیے رجسٹرڈ ہونے کا عمل آسان ہوگا جبکہ ادائیگیوں، ریفنڈزکی وصولی اور ٹیکس حکام کے خلاف اپیل کا سسٹم بہتر ہوگا۔