پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا حکومت مخالف تیسرا جلسہ آج بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہو گا ،پی ڈی ایم کی قیادت کوئٹہ پہنچ چکی ہے۔سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسہ گاہ سمیت شہر بھر میں انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جلسے سے صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن اورپاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
دوسری طرف بلوچستان حکومت نے دارالحکومت کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے موقع پر دفعہ 144 نافذ اورایک روز کے موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی لگا دی جبکہ انٹر نیٹ سروس بھی بند کردی گئی۔
کوئٹہ میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں، سیکیورٹی کے لیے پولیس اورایف سی کے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں طبی امداد کی بروقت فراہمی کے لیے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔