ایڈیشنل سیشن جج جہانگیراعوان نے ریڈزون میں جھگڑے پر فائرنگ کی تھی۔فائل فوٹو
ایڈیشنل سیشن جج جہانگیراعوان نے ریڈزون میں جھگڑے پر فائرنگ کی تھی۔فائل فوٹو

ریڈ زون میں جھگڑا‘معطل جج جہانگیر اعوان اور ملزمان نے صلح کرلی

معطل ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی کے شوہر کے درمیان ریڈ زون میں جھگڑے کے مقدمے میں صلح ہوگئی۔
اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ ملک اعوان نے ایڈیشنل سیشن جج اور ایم پی اے کے شوہر کے درمیان ریڈ زون میں جھگڑے کے مقدمہ میں گرفتار مرکزی ملزم چوہدری خرم کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
معطل ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزمان چوہدری خرم اور بلال عباسی نے ان سے معذرت کی اور انہوں نے دونوں کو معاف کر دیا ہے جس پر عدالت نے خاتون ایم پی اے کے شوہر چوہدری خرم کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔
اس سے قبل شریک ملزم بلال عباسی کی ضمانت ہائیکورٹ نے منظور کی تھی جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو معطل بھی کر رکھا ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفتر خارجہ کے سامنے واقع پیٹرول پمپ پر جوڈیشل آفیسر اور پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر میں جھگڑا ہواتھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی جس میں ایم پی اے کے شوہر کو گاڑی میں موجود افراد کو تھپڑ اور مکے مارتے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ایڈیشنل سیشن جج نے ذاتی دفاع کے لیے عابدہ راجہ کے شوہر کے پاؤں پر فائر بھی کیے تھے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو معطل کردیا تھا۔