دھماکے کے وقت بچے تعلیم کے حصول میں مصروف تھے۔فوٹو سوشل میڈیا
دھماکے کے وقت بچے تعلیم کے حصول میں مصروف تھے۔فوٹو سوشل میڈیا

پشاور: مدرسے سے منسلک مسجد میں دھماکہ،شہادتوں کی تعداد 10 ہوگئی

پشاور دارالعلوم زبیریہ کی جامعہ مسجد اسپین (سفید) میں شیخ الحدیث والقران مولانا رحیم اللہ حقانی کے درس کے دوران ہونے والے دھماکے کے شہدا کی تعداد 10 ہوگئی ہے جبکہ 109 زخمی زیر علاج ہیں۔ زخمیوں میں سے 9 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ درس مشکوة کے دوران ہوا۔ زخمیوں میں مدرس مولانا رحیم اللہ حقانی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئیں اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ایس پی سٹی وقارعظیم کاکہناہے کہ دھماکے کے وقت بچے حصول تعلیم میں مصروف تھے، ایک شخص نے مدرسے میں بارودی موادسے بھرابیگ رکھا، مشکوک شخص صبح 8 بجے مدرسے میں داخل ہوا،دھماکا خیز مواد پھٹنے سے بچوں سمیت 7 افراد شہید اور70 کے قریب زخمی ہوگئے،زخمیوں میں متعددبچوں کی حالت تشویشناک ہے.

زخمیوں میں زیادہ ترافرادجھلسے ہوئے ہیں،زخمی بچوں کی عمریں 11 سے 17 سال کے درمیان ہیں ، مدرسے میں داخل ہونے والے مشکوک شخص کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیاگیا،دھماکے کی جگہ پر گڑھا پڑاہواہے،زخمیوں کو طبی امداد کیلیے ہسپتال منتقل کیاجارہا ہے جبکہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت مختلف ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ، شہید اورزخمی بچوں کی شناخت کاعمل جاری ہے۔