بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سرداراختر مینگل اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نوازکی لاہور میں ملاقات ہوئی ہے۔
بی این پی مینگل گروپ کے سربراہ سرداراختر مینگل نے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازسے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اختر مینگل نے کہا کہ حکومت وعدے پورے نہیں کرسکی، ہم حکومت کے ساتھ چل رہے تھے، وہ رینگ رہے تھے،ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو ہم آگے نہیں چل سکے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اوردیگرامورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بلوچستان جلسے میں شرکت پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کے خلاف محاذ کھول رکھے ہیں، اب حکومت کو بھرپورجواب دیں گے، اس حوالے سے عنقریب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت کا علم تھامے رکھا، پی ڈی ایم کے جلسوں کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کے خلاف اب دما دم مست قلندر ہوگا۔اختر مینگل کاکہناتھاکہ حکومت کے ساتھ چلنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ رینگتے رہے انہیں کندھوں پر اٹھا کر چلنا ہماری ذمہ داری نہیں، نوازشریف نے اب ہمارے بیانیے کو اپنایاہے۔
اختر مینگل نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی ناکامی ہے، بھارت سمیت کوئی بھی اس واقعہ میں ملوث ہو اس کی ذمے داری حکومت پرعائد ہوتی ہے۔