قومی اجلاس میں شور شرابہ پر پیپلزپارٹی کے آغا رفیع اللہ کوایوان سے باہر نکال دیاگیا،ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہاکہ پورے اجلاس میں آغا رفیع اللہ کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔
دورانِ اجلاس پیپلزپارٹی کے آغا رفیع اللہ نے نقطہ اعتراض پر بولنے کی کوشش کی جس پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے انہیں مائیک دینے سے انکار کردیا جس پر آغا رفیع نے احتجاج کیا۔
آغا رفیع کے احتجاج پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی ان سے تلخ کلامی ہوگئی جس پر قاسم سوری نے کہا کہ میں آپ کو وارننگ دے رہا ہوں، آپ کو ایوان سے نکال دوں گا آپ آرام سے بیٹھیں۔
بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے آغا رفیع اللہ کو ایوان سے نکالنے کا حکم دیا اور سارجنٹ ایٹ آرمز کو انہیں نکالنے کی ہدایت کی۔
قاسم سوری نے کہاکہ آغا رفیع اللہ آج کے پورے سیشن میں نہیں بیٹھے سکتے،آغا رفیع اللہ کو ایوان سے باہر لے کرجائیں ،پورے اجلاس میں آغا رفیع اللہ کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔
راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ میں معذرت کرتاہوں آپ رولنگ واپس لے لیں ،ڈپٹی اسپیکرنے کہاکہ یہ باہر جا کر واپس آئیں ،ایسے نہیں چھوڑوں گا،پیپلزپارٹی کے آغا رفیع اللہ ایوان سے باہر چلے گئے اورتین منٹ باہر رہنے کے بعد واپس آ گئے۔