اہم ترین مالی ادارے کو غیرفعال رکھ کر وفاقی حکومت اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی،اسلام آبادہائی کورٹ
اہم ترین مالی ادارے کو غیرفعال رکھ کر وفاقی حکومت اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی،اسلام آبادہائی کورٹ

حکومت کو یکم دسمبر تک زرعی ترقیاتی بینک کا بورڈ بنانے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو یکم دسمبر تک زرعی ترقیاتی بینک کا بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے کہا ہے کہ اہم ترین مالی ادارے کو غیرفعال رکھ کر وفاقی حکومت اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔ وفاقی حکومت آئندہ سماعت تک زرعی ترقیاتی بینک کا بورڈ تشکیل دے کر اپنی قانونی ذمہ داری نبھائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ اگر آئندہ سماعت تک بورڈ تشکیل نہیں دیا جاتا ہے تو سیکریٹری خزانہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ سیکریٹری خزانہ عدالت میں پیش ہو کر زرعی ترقیاتی بینک کو غیرفعال رکھنے کی وجوہات سے آگاہ کریں۔

مزید پڑھیں: جولائی تا فروری 2020 میں معاشی بہتری کو فروغ ملا، اسٹیٹ بینک

عدالت نے کہا ہے کہ پبلک سیکٹر کا اہم مالیاتی ادارہ وفاقی حکومت کی غفلت کی وجہ سے تین سال تک غیرفعال رہا۔ پبلک سیکٹر کے اہم مالیاتی ادارے کا تین سال تک غیرفعال رہنا تشویشناک ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی وجہ سے ادارے کا غیرفعال رہنا گڈگورننس کے اصولوں کے خلاف ہے۔ اٹارنی جنرل حکومت سے ہدایات لے کر بینک کو بورڈ کی تشکیل سے متعلق آگاہ کریں۔

عدالت نے کہا ہے کہ بلاشبہ یہ عمل درخواست گزار اور عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بینک بورڈ کو درخواست گزار کے حقوق سے متعلق فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔ بورڈ بنانے میں تین سال کی تاخیر سے درخواست گزار کے حقوق متاثر ہوئے ہیں۔