پاکستان میں کورونا وائرس وبا کی دوسری لہر کے بعد وفاقی حکومت نے وبا کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لیے ملک بھر میں سخت فیصلوں کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں ہر شہری کے لیے کل سے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ماسک نہ پہننے والے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
این سی او سی اجلاس میں ملک بھر میں مارکیٹیں، دکانیں، شاپنگ مالز، رات 10بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق شادی ہالز اور ریسٹورنٹس پر بھی ہوگا جو رات دس بجے بند کردیے جائیں گے۔
این سی او سی اجلاس کے فیصلوں کے مطابق ملک بھر میں میڈیکل اسٹورز اور کلینکس کھلے رہیں گے۔ جبکہ تفریح گاہیں اور پارکس شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔
خیال رہے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلائو کے سبب وفاقی دارالحکومت میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ کی جاچکی ہے اور وفاقی حکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کرچکی ہے۔