رپورٹ: شرجیل مدنی
ملک بھر میں عید میلادالنبیﷺ مذہبی عقیدت اور روایتی جذبے سے منائی جارہی ہے۔
لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کی طرح شہر قائد کے باسیوں کی اپنے پیارے نبیﷺ سے محبت کا اظہار دیدنی ہے۔
اپنے نبیﷺ کی دنیا میں آمد کی خوشی میں شہر قائد کی بیشتر مساجد، سرکاری و نجی عمارتوں کے علاوہ گلی کوچوں کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
مختلف علاقوں میں قائم میلاد کمیٹیوں نے اپنے گلی محلوں کو خوب سجا رکھا جنہیں دیکھنے کے لیے دور دور لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ پہنچ رہے ہیں۔
عید میلاد النبیﷺ کی آمد پر شہر بھر میں میلاد کی محفلوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور عید میلاد النبیﷺ کے کل نکلنے والے جلوسوں کے استقبال کے لئے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔
عید میلادالنبیﷺ کی آمد سے 10 روز قبل ہی مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں نے تیاریاں شروع کردی تھی ۔
فرانس میں شان رسالتﷺ میں کی گئی گستاخی پر عالم اسلام میں پائے جانے والے غصے نے جہاں امت مسلمہ کو یکجان ہونے کا موقع فراہم کیا وہیں پاکستان میں اپنے پیارے نبیﷺ سے محبت کا اظہار بھی دیدنی ہے۔
شہر کے بیشتر علاقے جن میں اولڈ سٹی ایریا،بلدیہ ٹائون ،جمشید ٹائون،کورنگی ٹائون ،ملیر ٹائون، بن قاسم ٹائون ،گڈاپ ٹائون، لانڈھی ٹائون میں لیاقت آباد ٹائون ،گلشن ٹائون،صدر ٹائون کے علاقوں میں موجود عمارتوں اور گلی کوچوں کو رنگ برنگی لائٹوں اور جھنڈے لگا کر سجایا گیا ہے۔