اسلام آباد: کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے ہے، ان حالات میں حکومت نے کورونا پر قابو پانے کے لیے شہریوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی آمد اور کورونا کیسز میں اضافے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے شہریوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ جہاں کہیں بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھیں این سی او سی کے دیے گئے نمبر پر شکایت بھیج دیں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ جہاں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھیں تصویر کھینچیں اور لوکیشن کے ساتھ این سی او سی کے دیے گئے نمبر پر شکایت بھیج دیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ شہری کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تصاویر 03353336262 پر بھیجیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے 807 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹےمیں کورونا سے مزید 11 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 806 ہو گئی تک پہنچ گئی۔
پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 14 ہزار 66 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 12 ہزار 121 رہ گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 357 اور سندھ میں 2 ہزار 625 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 276، اسلام آباد میں 217، بلوچستان میں 149، گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 90 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 19 ہزار818 ہو گئی۔ پنجاب ایک لاکھ 4 ہزار 16، سندھ میں ایک لاکھ 45 ہزار457، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار 458، بلوچستان میں 15 ہزار 896، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 248 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 82 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔