احتساب عدالت نے شہبازشریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم کیلیے 11 نومبر کی تاریخ مقررکردی۔
شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی، شہباز شریف اورحمزہ شہبازکو احتساب عدالت میں پیش کیاگیا، شہباز شریف اورحمزہ شہبازکوالگ الگ بکتربند گاڑی میں عدالت لایاگیا،عدالت نے جیل ٹرائل سے متعلق ڈی جی نیب سے جواب طلب کررکھا ہے۔
شہبازشریف اورحمزہ شہبازکو وعدہ معاف 265 سی کے بیان کی کاپیاں مہیاکردی گئیں،شہباز شریف اور دیگر ملزمان کو وعدہ معاف گواہان کے بیانات وصول کروائے گئے۔
شہبازشریف نے کہاکہ مجھے اپنے وکیل سے مشورے کےلئے مختصر سا وقت دیں، شہباز شریف نے اپنے وکیل سے مشاورت کے بعد دستخط اور انگوٹھا لگا دیا،عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگرملزمان کوفرد جرم کیلیے 11 نومبر کو طلب کرلیا۔دوران سماعت رش کی وجہ عدالت برہم ہو گئی ۔
فاضل جج نے کہاکہ عدالت میں آج آپ نے پھراتنا رش کردیا،میں نے کہاتھا کہ ایک حد تک افراد آنے دیں،ایسے تو کیس کی سماعت نہیں ہو سکے گی۔