پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ میں کہیں جا رہا، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بنوا کرہی جائوں گا،15 نومبر ہم سب کے امتحان کا دن ہے،یہ الیکشن عام نہیں بلکہ ریفرنڈم ہے ،15 نومبرکے الیکشن میں گلگت بلتستان کی جیت ہوگی ،گلگت بلتستان کے عوام کو ان کاحق دلا کر رہیں گے ۔
غذر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہمارامنشور کسی کے اشاروں پر نہیں بنا،گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دینگے ،ملک کا وزیراعظم بنے گا تو آپ کے ووٹوں سے بنے گا،ملک کے فیصلے آپ کو اپنے ووٹوں سے کرنے ہونگے ، گلگت بلتستان کے عوام خود اپنی زمین کے مالک بنیں گے ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہناتھا کہ ہم نے ملک کے پسماندہ علاقوں کیلیے سی پیک شروع کیا،سی پیک گلگت بلتستان اورگوادر کی وجہ سے ہے ،سی پیک گلگت بلتستان اور فاٹا کے عوام کیلیے تھا،آج تک یہاں کے عوام کو سی پیک کاحصہ نہیں ملا ہے، پیپلزپارٹی ہی یہاں کے عوام کوان کاحصہ دلوا سکتی ہے، پیپلزپارٹی نے ہی یہاں کے لوگوں کو روزگار دلوایا ہے،کامیاب ہو کر ہم بے روزگاری ختم اور روزگار دیں گے
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان ہر ادارے سے لوگوں کو بے روزگار کررہاہے،ہم جیتیں گے تو کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ سازش ہے ،پیپلزپارٹی ہی یہاں کے عوام کو ان کا حق دلاسکتی ہے،پیپلزپارٹی نے گندم ،نمک ،چینی اورپٹرول پر سبسڈی دلوایاتھا،آج کے حکمران سبسڈی چھیننے والے ہیں ،تحریک انصاف کے حکمران عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالنے والے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ گلگت کے منشورکو پیپلزپارٹی نے اپنے منشور میں شامل کیا،15 نومبر گلگت بلتستان کی جدوجہد کو حقیقت میں تبدیل کرنے کادن ہے ،پیپلزپارٹی کے منشور میں گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا ہے ،آپ نے اس منشورکو جتوانا ہے ،پیپلزپارٹی کو کامیاب کرانا ہے ،میں نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا،حق حاکمیت کانعرہ بلندکیا۔