وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں اپوزیشن کے بیانیے کو کاؤنٹر کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں مہنگائی، اپوزیشن بیانیے اور قومی سلامتی پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر ایاز صادق کے بیان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ریاستی اداروں کے تقدس اور تحفظ کو آئینی، سیاسی اور اخلاقی فریضہ قرار دے دیا۔
پارٹی ارکان نے وزیراعظم سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان نے مزید کہا کہ ایاز صادق اور پی ڈی ایم قیادت کے بیانات سے ان کا ایجنڈا کھل کر سامنے آگیا ہے۔
وزیراعظم نے پارٹی ارکان سے مخاطب ہوکر کہا کہ اپوزیشن اتحاد بھارتی ایجنڈے پر کام کررہا ہے، ان کے کرپشن کیسز کو عوام کے سامنے لایا جائے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کے ریاست مخالف بیانیے کو کاؤنٹر کرنے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت کو ہر فورم پر بھرپور جواب دیا جائے۔
وزیراعظم نے دوران اجلاس کہا کہ اپوزیشن کے ریاستی اداروں پر تمام حملوں کو ناکام بنادیں گے۔ کوئی بھی محب وطن، مسلم لیگ (ن) یا دیگر اپوزیشن جماعتوں کے بیانیے کے ساتھ نہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ حکومتی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے مگر احتساب پر سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ احتساب جمہوریت کا اہم جزو ہے۔
انہوں نے کہاکہ اقبال کا خواب اور قائداعظم محمد علی جناح کا وژن وہ نہیں ہے جو اپوزیشن کا بیانیہ ہے، میں مہنگائی کے خاتمے پر پوری توجہ دے رہا ہوں۔