بلوچستان حکومت نے روٹی کا نیا نرخ نامہ جاری کردیا مگر نان بائیوں نے نئے نرخ پر روٹی فروخت سے انکار کرتے ہوئے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں گزشتہ 12 روز سے روٹی کی قیمت پر ڈیڈ لاک کے باعث نان بائیوں نے ہڑتال کر رکھی ہے اور شہر کے بیشتر تندور بند ہیں۔ بلوچستان حکومت کی پرائس کنٹرول کمیٹی نے روٹی کا نیا نرخ نامہ جاری کرتے ہوئے 250 گرام روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر کردی۔
تندور ایسوسی ایشن نے بلوچستان حکومت کا روٹی کی نئی قیمت کا نرخ نامہ مسترد کردیا۔ صدر رضا محمد کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں گندم کی قلت اور مہنگائی کی وجہ سے 100 کلو آٹے کی بوری 4500 سے بڑھ کر 7 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ روٹی کی قیمت 30 روپے سے کم قبول نہیں، اس مہنگائی میں 20 روپے کی روٹی بیچنا ممکن نہیں۔