سابق صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو صوبائی وزیر جیل خانہ جات کا قلم دان سونپ دیا گیا۔
پنجاب حکومت نے فیاض الحسن چوہان کو وزارت جیل خانہ جات کا قلمدان تفویض کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان اس سے قبل وزیر اطلاعات صوبہ پنجاب کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔
فیاض الحسن کے پاس کالونیز ڈپارٹمنٹ کا اضافی چارج بھی تھا۔ اب فیاض الحسن چوہان کو کالونیز ڈپارٹمنٹ کی وزارت کے ساتھ جیل خانہ جات کے محکمے کا اضافی چارج تفویض کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے کر سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو صوبائی وزیر اطلاعات کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
موجودہ وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کو جب وزارت اطلاعت کے عہدے سے ہٹایا گیا تو وہ اپنی برطرفی سے قطعی طور پر لاعلم تھے تاہم ایک صحافی کے بتانے پر انہیں علم ہوا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن کے اجرا پر فیاض الحسن چوہان نے حیرانگی کا اظہار بھی کیا اور کچھ دیر کے لیے پریشان بھی دکھائی دیے تھے۔