پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے دورہ گلگت بلتستان کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ مریم نواز انتخابی مہم کے سلسلے میں 7 روز گلگت بلتستان میں قیام کریں گی۔مریم نواز کل 5 نومبر کو اسکردو پہنچیں گی۔
میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مریم نواز5 نومبر کو غواری میں جلسے سے خطاب کرینگی اور6 نومبر کو شگر سے اسکردو تک نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کے علاوہ سکردو میں جلسے سے خطاب کریں گی۔
7 نومبر کو مریم نواز دمبوداس میں منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کے علاوہ وہاں منعقدہ جلسے سے بھی خطاب کریں گی۔ مریم نواز8 نومبر کو گاہکوچ جائیں گی جہاں مسلم لیگ ن ضلع غذرکے زیراہتمام استقبالیہ میں شرکت کریں گی اور شام کو وہاں (گوہکوچ) میں عوامی اجتماع سے بھی خطاب کرینگی۔
مریم نواز 10 نومبر کو استوراور11 نومبر کو چلاس میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گی۔ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر اور سابق وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن مریم نواز کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے جہاں مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کی گلگت بلتستان میں پانچ سال کی حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
اس دورے کے دوران مریم نواز پارٹی امیدواروں، عہدیداروں، کارکنان، نوجوانوں اور بزرگ عمائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔ مریم نواز 6 نومبر سے 11 نومبر تک بھرپور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بعد گلگت بلتستان سے واپس روانہ ہوں گی۔