سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر رواں برس مارچ میں سندھ حکومت نے اہم فیصلے کئے۔
فیصلوں پر عملدرآمد میں شہریوں نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔ تمام افرد کے تعاون کی وجہ سے سندھ میں کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد تک محدود رہی۔
لیکن اسکے بعد شہریوں میں ایک تاثر اُبھرا کے کورونا پاکستان سے ختم ہوگیا ہے۔ یہ تاثر غلط ہے کورونا ابھی بھی پاکستان بھر میں موجود ہے۔تشویشناک بات یہ ہے کہ کورونا کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز سندھ میں کورونا کے کیسز کی شرح بڑھ کر ساڑھے چھ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
خدارا ہمیں احتیاط برتنے کی سخت ضرورت ہے۔ گھروں سے نکلے وقت ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ ضرور برقرار رکھیں۔سرد موسم میں نزلہ زکام اور کھانسی کی شکایات عام ہورہی ہیں۔ ایسے میں اپنی حکومت کے ساتھ پہلے جیسا تعاون کرتے ہوئے ماسک کا ضرور استعمال کریں۔ اپنے چہرے منہ اور ناک کو ماسک یا کپڑے سے ضرور ڈھانپیں۔ دفاتر، تجارتی مراکز، شادی بیاہ کی تقریبات، ریستوران اور رش والے مقامات پر سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال ناگزیر ہے۔