کراچی:بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور این بی جی کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی) اورنیشنل بزنس گروپ( این بی جی) الائنس کے مشترکہ امیدوار بے مثال کامیابی حاصل کرکے ایف پی سی سی آئی کا کھویا ہوا وقار اور تاجر برادری کاتشخص بحال کریں گے۔
اس موقع پرفیڈریشن الیکشن میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار خالدتواب،یو بی جی کے ،سیکریٹری جنرل زبیرطفیل،چیف کوآرڈینیٹرالیکشن آفس محمدحنیف گوہر،مرکزی ترجمان گلزارفیروزنے بھی خطاب کیا جبکہ فیڈریشن کے نائب صدر زبیر باویجا، کاٹی کے صدر عمرریحان، مرزااختیاربیگ، عبدالسمیع خان،نوراحمدخان، طارق حلیم،ممتازشیخ ، شاہین الیاس سروانہ،احمدچنائے،سید مظہر علی ناصر،ناہید مسعود اوردیگر بھی موجود تھے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات برائے سال 2021 کے سلسلے میں ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے والے یو بی جی اور این بی جی نے جمعرات کوالیکشن آفس کا افتتاح کردیا اور ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے والے یو بی جی اور این بی جی کے مشترکہ امیدواروں کی تعارف کرایا گیا۔
ایس ایم منیر اور میاں زاہد حسین نے اپنے مشترکہ امیدواروں جن میں صدر کے لیے خالد تواب اور سینئر نائب صدر کے لیے عبدالرئوف مختار اور چاروں صوبے سے چنے گئے نائب صدور کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نامزد امیدوار بزنس کمیونٹی میں جانے پہچانے جانے والے انتہائی باصلاحیت امیدوار ہیں اور بزنس کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ یوبی جی نے ہمیشہ تاجر برادری اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی اور قوم کے مفاد کے لیے جدوجہد کی، یوبی جی کے 5 سالہ دور میں ایف پی سی سی آئی کا ملکی اور بین الاقوامی سطح پر وقار بلند ہوا اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس کا امیج اجاگر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یو بی جی کے منتخب ہونے والے ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران نے 5 سالہ دور میں ایف پی سی سی آئی کے فنڈز کو بزنس کمیونٹی کی امانت سمجھا، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ سال یوبی جی نے ایف پی سی سی آئی کے خزانے میں کروڑوں روپے کے فنڈز چھوڑے تھے۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال دھونس اور دھاندلی سے آنے والے گروپ بزنس مین پینل نے اپنے ایک سالہ دور میں ایف پی سی سی آئی کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا۔
این بی پی کے سربراہ میاں زاہد حسین نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران تاجر برادری اور صنعتکار بری طرح متاثر ہوئے ایسے حالات میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران نے تاجر برادری کو تنہا چھوڑ دیا تھا، دسمبر 2021 میں ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں مشترکہ طور پر حصہ لینے کا مقصد صرف نا اہل بی ایم پی کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار شاندار کامیابی حاصل کرکے بزنس کمیونٹی کے نمائندہ اداروں کا تشخص بحال کریں گے اور ملکی معیشت کے فروغ کے لیے ایف پی سی سی حکومت کے ساتھ مل کر اہم کردار ادا کرے گی۔سیکریٹری جنرل زبیرطفیل نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں پہلی مرتبہ یو بی جی اور این بی جی مشترکہ طور پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، گذشتہ سال سے قبل یو بی جی نے تسلسل کے ساتھ 5 مرتبہ الیکشن میں کامیابیاں حاصل کرکے بزنس کمیونٹی کا وقار بلند کیا اور حکومتی حلقوں میں ایف پی سی سی آئی کی اہمیت کو اجاگر کیا، ہمارے 5 سالہ دور میں معیشت سے متعلق پالیسی سازی میں ایف پی سی سی آئی کو اہمیت دی جاتی تھی۔
اس موقع پر حنیف گوہر نے کہا کہ ہمارے ہردلعزیز لیڈر ایس ایم منیر کی موجودگی سے مخالف گروپ میں ہلچل ہے اور پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی یو بی جی کی چھتری تلے فعال ہوگئی ہے۔