سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺکی ذات اقدس کی حرمت مسلمانوں کیلئے سب سے زیادہ اہم ہے،آقا کریم ﷺ کی شان میں گستاخی دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی ہے۔
مرکز اہلسنت پر علاقائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جمعۃ المبارک کوعشق رسولﷺ ریلی وقت مقررہ پر نمائش چورنگی سے نکلے گی،کارکنا ن وعوام اہلسنت عشق رسول ریلی میں بھرپور شرکت کرکے توہین آمیز خاکوں کی شدید مذمت کریں،فرانسیسی صدر کا سرکاری سرپرستی میں خاکوں کی اشاعت کا معاملہ دنیا کا سنگین ترین جرم ہے،فرانسیسی صدر کو اسلامو فوبیا ہوگیا ہے تیزی سے اسلام کوپھلتا پھولتا دیکھ رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔
ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ دین اسلام امن وآشتی کا مذہب اورانسانیت کا علمبردار ہے،مغرب آزادی اظہار رائے کی آڑ میں اسلام اور نبی کریم کی توہین کرنا بند کردے،حکومت پاکستان مذمت کی بجائے مرحمت کرئے فرانس کے سفارتی تعلقات فوری ختم کئے جائیں۔
اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد طیب قادری،محمد آفتاب قادری بھی موجود تھے۔
ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ عشق رسول میں جینا اور عشق رسول میں مرنا ہی ہمارے اسلاف کا طریقہ ہے،ہمیں اپنے ماں باپ اور اولاد سے زیادہ نبی کریم ﷺ سے محبت ہے،ہمارا تن من دھن اور اولاد سب کچھ رسول اکرم پر قربان ہے،پوری دنیا کے مسلمان فرانسیسی صدر کے اسلام دشمن نظریئے اور توہین آمیز خاکوں کے خلاف سراپائے احتجاج ہیں،مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی کا توہین آمیز خاکوں کے خلاف سخت ردعمل نہ آنا تشویشناک ہے،مسلم حکمران فرانس سے سفارتی تعلقات اور تجارت احتجاجأ ختم کردیں تو پھر کسی میں توہین کرنے کی جرأت نہیں ہوگی۔