وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں پاکستان ایسا ملک بنے جہاں باہر سے لوگ سیاحت اور مذہبی زیارتوں پرآئیں، اگر ہم صرف اپنی سیاحت کوترقی دیں تو ہمیں کبھی باہر سے چاہے آئی ایم ایف ہو یا کوئی اورملک اس سے قرضہ نہ مانگنا پڑے۔
وزیراعظم عمران خان نے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان کے سفر میں ریلوے کا بہت اہم مقام ہے، کیونکہ یہ عام اورغریب آدمی کی سواری ہے، بد قسمتی سے ہم نے انگریزکے دیے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی بلکہ اس میں بھی 50 کلومیٹر پٹری کم کردی، ایم ایل ون سے پاکستان میں پہلی بارریلوے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے، ایم ایل ون بننے کے بعد کراچی سے لاہورکا سفر صرف 7 گھنٹے کا رہ جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ میری خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں اور قرضے نہ مانگنے پڑیں، بدقسمتی سے ہمیں مقروض پاکستان ملا تھا، ہمیں ہر دوسرے ملک کے سامنے ہاتھ پھیلانے پڑتے ہیں، لیکن اب معیشت اٹھنا شروع ہوگئی اور تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں جس کا جو بھی مذہب ہے سب برابرکے شہری ہیں، کرتاپور راہداری تعمیر کرکے ہماری کوشش تھی کہ سکھ برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوں،حسن ابدال ریلوے اسٹیشن سے سکھ برادری کو بہت سہولت ملے گی، سیاحت کو بہتر بنانے کے لیے ہمیں ہر طرح کی سہولیات دینی ہیں، میں چاہتا ہوں پاکستان ایسا ملک بنے جہاں باہر سے لوگ سیاحت اور مذہبی زیارتوں پرآئیں، اگر ہم صرف اپنی سیاحت کوترقی دیں تو ہمیں کبھی باہر سے چاہے آئی ایم ایف ہو یا کوئی اور ملک اس سے قرضہ نہ مانگنا پڑے۔
وزیراعظم نے شیخ رشید کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میں جب 24 سال پہلے سیاست میں آیا تھا،آپ اتنے ہی نوجوان لگ رہے ہیں جیسے 24 سال پہلے تھے،اس پرشیخ رشید کی باچھیں کھل اٹھیں اور وہ ہنسنے لگے۔
وزیراعظم نے حسن ابدال میں ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کردیا
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے حسن ابدال میں ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا،وزیر اعظم عمران خان نے سکھ یاتریوں کے لیے تیار کی گئی ٹرین کی بوگیوں کا معائنہ بھی کیا اور ریلوے اسٹیشن پر سہولتوں کا جائزہ لیا۔
عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن پر ویٹنگ ایریا کے ساتھ کینٹین اور کیفے بھی بنایا گیا ہے ۔ریلوے اسٹیشن دو فلور پر مشتمل ہے ۔ یہاں صاف اور ٹھنڈے پانی کے پلانٹس بھی لگائے گئے ہیں۔