ٹک ٹاک ،انسٹاگرام،فیس بک اور وٹس ایپ گروپس پراسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف پنجاب پولیس کی جانب سے سخت ایکشن لینے کے حوالے سے عوام میں آگاہی مہم سوشل میڈیا پرشروع کردی گئی ہے جس کا سلوگن (قانون کا احترام ذمے دار شہری کی نشانی ہے)۔
اس سے قبل بھی قانون نافز کرنے والے اداروں کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں سے سوشل میڈیا ایپلیکیشن پر ویڈیوز بنا کراپ لوڈ کرنے والے بیشتر شہریوں کو اسلحہ کی نمائش کرنے پرگرفتارکر کے مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ اس حوالے سے سب سے زیادہ مقدمات پنجاب اور خیبر پختونخوا میں درج کیے گئے ہیں تاہم پیجاب پولیس کی جانب سے شہریوں کو متوجہ کیا جارہا ہے کہ قانون کا احترام اوراسلحہ کی نمائش سے اجتناب کریں ۔
اس حوالے سے پیجاب پولیس کے ایک افسرنے امت کو بتایا ہے کہ آج کل سوشل میڈیاں پر نوجوان لڑکے اور بعض بدمعاش عناصراپنے علاقوں میں اپنی دھاک بیٹھانے کے لیے سوشل میڈیاں پر اسلحہ کی نمائش کر کے شہریوں کو خوفزدہ کرتے ہیں۔
ایسی بے شمار شکایات پورے پاکستان کے مختلف تھانوں اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو موصول ہوچکی ہیں جس میں سے بہت سے شہریوں کو گرفتارکرکے ان کے اسلحہ کی ویریفیکیشن بھی کی جاچکی ہے اور مقدمات درج کرکے سزائیں بھی دلوائی جاچکی ہیں۔