امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ آپ کا دوست ٹرمپ تو چلا گیا اب عمران خان کے جانے کی باری ہے۔
بونیر میں اجتماع سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ عمران خان اور ان کی حکومت گزشتہ ادوار کا تسلسل ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے بعد پی ٹی آئی نے ملک کا بیڑا غرق کردیا، پی ٹی ائی حکومت میں مساجد، مدارس اور ماں بہنیں محفوظ نہیں ، پی ٹی آئی نے عوام کو کہیں کا نہیں چھوڑا، اسی پارٹی نے عوام کو بے روزگار کردیا۔ پی ٹی آئی کے وزرا ایک دوسروں کو نالائق کہنا شروع ہوگئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جھوٹ کا مقابلہ ہوجائے تو عمران خان وہ بھی جیت جائیں گے۔ عمران خان کے پاس تقریرکےلیے کوئی موضوع نہیں ہے، وہ تقریر سے پہلے اپنے وزرا سے پوچھتے ہیں کہ آج کیا کہنا ہے، انہیں ٹرمپ کے چلے جانے کے بعد اب عمران خان کے جانے کا انتظار ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی لڑائی اپنے مفادات کے لیے ہے، موقع ملا تو ان سیاسی جماعتوں کے تمام کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈالوں گا، جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو علاج اور تعلیم مفت ہوگی، جماعت اسلامی کی حکومت میں قرض دار کی موت کے بعد قرض حکومت ادا کرے گی، بیواؤں اور یتیموں کو وظیفہ دیں گے۔