مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نوازکا کہنا ہے کہ نوازشریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا لڑائی تم سے نہیں، پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اس کا نام ہے عمران خان، پاکستان میں کورونا جیسی بیماری 2018ء میں ہی آگئی تھی۔
گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نوازنے جلسے سے خطاب میں کہا کہ یہ اجتماع بتارہا ہے گلگت بلتستان میں شیرآئے گا، یہ جعلی حکومت ہے جس کے نصیب میں عوام کی عزت کرنا لکھا ہی نہیں، اس سے درخواست کرنے کا کیا فائدہ، اگرآپ کوآپ کا حق نہیں دیا جارہا توآنے والے الیکشن میں شیرکوووٹ دواوراپنے حقوق کے ساتھ جیو۔
مریم نواز نے کہا کہ اس وادی کو دیکھ کرجنت کا خیال آتا ہے لیکن جعلی حکومت گوپس کے فنڈزروک کر بیٹھی ہے۔ دیامراوربھاشاڈیم پر نوازشریف نے جو کام کیا آج تک کسی نے نہیں کیا، پتا چلا ہے وہاں جو نوکریاں نکلی ہیں اس میں یہاں کی عوام کو حصہ نہیں دیا جا رہا، وہاں لوگوں کو معاوضہ نہیں دیا جا رہا، ن لیگی ارکان یہ معاملہ پارلیمان میں اٹھائیں اور دیامربھاشاڈیم کے متاثرین کیلیے آواز اٹھاؤں گی۔ عوام کے مسائل کا واحد حل مسلم لیگ ن ہے۔
مریم نوازنے کہا کہ نوازشریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا لڑائی تم سے نہیں، پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اس کا نام ہے عمران خان، پاکستان میں کورونا جیسی بیماری 2018ء میں ہی آگئی تھی، تحریک انصاف کو ادھرادھرسے جوڑتوڑکربنایا گیا ہے، یہ بیماری ماسک سے نہیں جائے گی، اٹھا کرباہرپھینکنے سے جائے گی۔
مریم نوازنے کہا کہ ملکی اداروں کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا گیا ہے، ایسے شخص کوعوام کے حوالے کردو تاکہ عوام دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیں، مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے جب میں عمران خان کا نام لیتی ہوں، ڈوبتے جہاز پرکوئی سوار نہیں ہوتا، عوام نے لوٹوں کو ووٹ نہیں دینا، جب علاج مقصود ہو تو بیماری کا نام لینا پڑتا ہے۔