ادارہ شماریات کی مہنگائی میں اضافے کی رپورٹ کے باوجود وزیراعظم عمران خان بضد ہیں کہ ملک میں منہگائی نہیں، اپوزیشن پراپیگنڈہ کر رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے معاشی اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ معاشی اشاریے مثبت ہیں، دوسال میں معیشت کو پیروں پر کھڑا کردیا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومتی ٹیم میڈیا پر معاشی کامیابیاں اجاگر کرے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کیلئے عوام کو گمراہ کررہی ہے، عوام کو بتایا جائے کہ ان ہی لوگوں کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔
گلگت بلتستان الیکشن میں پی ٹی آئی کے کلین سوئپ کی پیشگوئی کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سوات اور حافظ آباد کے جلسوں سے ثابت ہو چکا کہ عوام کا ہم پر اعتماد قائم ہے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف حکومت کے 800 روز مکمل ہوگئے تاہم اس عرصے میں عوام کیلئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کا رجحان جاری رہا۔
ادارہ شماریات کی پیش کردہ دستاویز کے مطابق ملک کے 17 بڑے شہروں کی اوسط قیمت کی بنیاد پر حکومت کے 800 روز کے دوران چینی اوسط 45 روپے 88 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
اگست 2018 میں چینی کی اوسط قیمت 55.59 روپے فی کلو تھی جو بڑھ کر اب 101 روپے 47 پیسے فی پر ہے جبکہ چینی کی فی کلو قیمت 103 روپے تک بھی پہنچی تھی۔
دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں اوسط مہنگائی 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مالی سال 20-2019 میں مہنگائی کی اوسط شرح 10.74 فیصد رہی جو مالی سال 18-2017 میں 4.68 فیصد تھی۔