سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمے میں 80 سال کے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی ،پولیس نے ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتارکرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں قتل کے مقدمہ میں 80 سال کے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
ملزم پر گزشتہ سال دکاندار نوید چاند کو بیٹوں کے ہمراہ جاکرقتل کرنے کا الزام تھا،وکیل ملزم نے کہاکہ ملزم شامل تفتیش بھی رہا ہے،سینئر سٹیزن ہے، اس کی ضمانت منظورکی جائے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ ایف آئی آرکے مطابق تو ملزم غلام رسول نے مقتول کو صرف للکارا تھا،وکیل استغاثہ نے کہاکہ ملزم نے للکارا تھا اوراپنے بیٹوں سے کہا تھا کہ قتل کریں،ملزم کے بیٹے ابھی تک مفرور ہیں، ملزم کے بیٹے قتل کے دوسرے مقدمات میں بھی مطلوب ہیں۔