عوامی نیشنل پارٹی نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی اپنے بیان پر معذرت قبول کرلی۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی اپنے بیان پر عوامی نیشنل پارٹی نے معذرت قبول کرلی جبکہ 11 نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال واپس لے لی گئی، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی قیادت میں پی ٹی آئی کے جرگے نے باچاخان مرکز پشاور میں اے این پی کے قائدین سے ملاقات کی، وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ اور صوبائی وزیر تیمور جھگڑا بھی جرگہ میں شامل تھے۔
بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ انھوں نے پختونوں اور ان کے شہدا سے متعلق کسی غلط پیرائے میں اگر بات کی ہوتی تو وہ پشاور معذرت کرنے نہ آتے، وہ پختونوں اور شہدا کی قدرکرتے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ ان کا جرگہ قبول کرلیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پشاورآمد کا مقصد پختونوں کی دل آزاری کا ازالہ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے اس وقت جو حالت ہے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم نے جرگہ قبول کیا ہے اور اب 11 نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انکوائری کے مطالبہ سے بھی دستبردار ہوگئے ہیں کیونکہ یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ جو شہادتیں ہوئیں وہ ملک و قوم کے لیے ہوئیں کسی اور مقصد کے لیے نہیں۔