کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کورنگی میں کارروائی کرکے قتل کی 7وارداتوں میں مطلوب ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد کوگرفتارکرلیا۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن 2 عارف عزیزکے مطابق کورنگی میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر فہیم جاوید عرف انقلابی کو گرفتارکیا گیا ہے جو قتل کی 7 وارداتوں میں مطلوب تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے یہ وارداتیں اپنے ساتھیوں ظفرعرف فیصل مینڈک اورارشد عرف چھوٹا اسد کے ساتھ مل کرکیں۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش لانڈھی، کورنگی اور زمان ٹاؤن میں اغوا کے بعد قتل کرنےکا اعتراف کیا جبکہ ملزم نے تمام وارداتیں 2012 میں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ فہیم جاوید عرف انقلابی نے محبت خان اور سمیع اللہ نامی شخص کو اغواکیا اور ساتھی ظفرعرف فیصل مینڈک اور عابدکے ساتھ قتل کیا۔ ملزمان نے قتل کی یہ واردات اس وقت کے ایم کیوایم کے ممبر صوبائی اسمبلی علیم الرحمان کے پلاٹ پرکرنے بعد لاش پھینک دی۔