مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازنے کہا ہے کہ گلگت بلتستان شیروں کی دھرتی ہے، شیروں کی سرزمین پرگیدڑ حکومت نہیں کر سکتا، گیدڑ صرف وعدے کرتے ہیں شیر نبھاتے ہیں۔ ہم وعدے کرنا اوران کا نبھانا جانتے ہیں۔
گلگت بلتستان کے علاقے استور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پورے ملک میں "گو نیازی گو” کا نعرہ لگ چکا، حکمران جس طرح آئے ہیں اسی طرح جائیں گے، سیاسی مخالفین سن لیں، سلیکٹر صرف عوام ہیں۔ حکومت نے گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کی تو عوام نہیں چھوڑے گی۔
مریم نوازنے کہا کہ بزدل لوٹے جھکتے بھی ہیں اور بکتے بھی ہیں، بزدلوں کو خریدا جاسکتا ہے لیکن گلگت بلتستان کے لوگوں کو نہیں، انہیں گلگت بلتستان کے عوام نے بے پناہ عزت دی، لاہور واپس جانے کو دل نہیں کررہا، چاہتی ہوں کہ استور کی خواتین کو کالجز یونیورسٹیاں اور مفت لیپ ٹاپس ملیں، گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو فور جی انٹرنیٹ ملنا چاہیے، نوازشریف نے 3سال آئینی اصلاحات کا کام کیا ، گلگت بلتستان کا صوبہ بنا کر دیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بدامنی ختم کی، حکومتیں عزت اور خدمت کے لئے کی جاتی ہیں، گیدڑ وعدے کرتا ہے اور شیر وعدے پورے کرتا ہے، عمران خان جیسے آئے تھے ویسے ہی جائیں گے۔ وہ کہتے تھے کہ 90 دن میں سب بدل دوں گا اور اب کہتے ہیں میرے پاس الہ ٰ دین کا چراغ نہیں۔ پورا پاکستان اس حکومت کو بددعائیں دے رہا ہے، پورے پاکستان کے عوام رورہے ہیں۔ ایسی حکومت سے پناہ مانگنی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ پورا پاکستان اس جعلی حکومت کو بددعائیں دے رہا ہے۔ دواؤں کی قیمت میں 600 فیصد اضافہ ہو گیا، اب مرنا بھی آسان نہیں۔ پنجاب، سندھ، کے پی اور بلوچستان کے عوام رو رہے ہیں۔ نوازشریف نے پاکستان سے دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ کیا۔ اگر دھاندلی کی کوشش کی تو عوام تمھیں نہیں چھوڑے گی، ان کو گھروں تک پہنچا کر آئیں گے۔