سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی ہسپتال جاکرعیادت کی،اسی دوران ان کا سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق سے سامنا ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار جب چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کےلیے سروسز ہسپتال کے کمرے میں پہنچے تو کمرے میں بیٹھے سب لوگ کھڑے ہوگئے۔جسٹس (ر) ثاقب نثار نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے مصافحہ کیا جس کے بعد (ن) لیگ کے رہنما اورسابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی طرف ہاتھ بڑھایا توانہوں نے سینے پر ہاتھ رکھ کر جواب دیا جبکہ خواجہ سعد نے اپنی نشست ثاقب نثارکو پیش کی۔
بعد ازاں صحافی نے خواجہ سعد رفیق سے سوال کیا کہ آپ نے جسٹس (ر) ثاقب نثار سے ہاتھ نہیں ملایا، اس پرلیگی رہنما نے کہا کہ کورونا کے باعث ہاتھ نہیں ملایا لیکن سینے پر ہاتھ رکھ کر ثاقب نثارکے سلام کاجواب دیا۔خواجہ سعد کا کہنا تھا کہ میں احتراماً اٹھ گیا اور ثاقب نثار کے لیے اپنی نشست خالی کردی۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثارنے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ریلوے میں مبینہ کرپشن کا ازخود نوٹس لیا تھا اور سخت ریمارکس دیے تھے جس پراس وقت کے وزیر ریلوے خواجہ سعد نے عدالتی ریمارکس پردکھ کا اظہارکیا تھا۔