کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث محکمہ تعلیم سندھ میں عام لوگوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ میں ایک دن میں صرف 10 سائلین کی فریاد سنی جائے گی۔
محکمہ تعلیم سندھ میں تمام ملازمین کو لازمی ماسک پہننے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور محکمہ تعلیم کے مختلف دفاتر سے صرف ایک ملازم کو ہی داخلے کی اجازت ہو گی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے اورگزشتہ روز ملک بھر میں کورونا سے مزید 21 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار21 ہوگئی۔