سعودی عرب میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کرکے مریض کے پیٹ سے درجنوں کیلیں اورشیشہ نکال لیا۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں سعودی ڈاکٹروں کی ٹیم نے ایک مریض کی زندگی بچالی، اس کے پیٹ سے 230 کیلیں اور شیشے کا ایک ٹکڑا برآمد کرلیا گیا۔
سعودی ترجمان محکمہ صحت نے اپنے جاری بیان میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شرق جدہ ہسپتال میں ایک ذہنی مریض علاج کے لیے لایا گیا جو شدید تکلیف میں مبتلا تھا۔طبی معائنے کے بعد انکشاف ہوا کہ اس کے پیٹ میں لاتعداد کیلیں موجود ہیں۔
ترجمان جدہ محکمہ صحت نے میڈیا کو بتایا کہ مریض کا پیٹ پھولا ہوا تھا اور وہ شدید درد اور چھبن محسوس کر رہا تھا، کلینیکل ٹیسٹ سے پتہ چلا کہ اس کے پیٹ میں کیلیں ہیں جس کے بعد فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے طویل آپریشن کے بعد اس کے پیٹ سے ایک عدد شیشے کا ایک ٹکڑا اور230کیلیں نکال لیں، اسپتال ذرائع کے مطابق اب مریض کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
ترجمان کے مطابق کامیاب آپریشن کے مریض کو ذہنی مر یضوں کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں اب اس کی ذہنی بیماری کا علاج کیا جا رہا ہے۔