احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت دیگر ملزموں پر 16 نومبرکو فردجرم عائد کرنے کافیصلہ کیاہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس پر سماعت ہوئی،شاہد خاقان عباسی کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی،نیب نے کہاکہ دستاویزات پر شاہد خاقان عباسی کے وکلا کے اعتراضات دور کرد یے۔
وکیل شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ نیب کہتا ہے اب بھی منصوبے سے خزانے کونقصان ہو رہاہے،ایک جرم اگرجاری ہے تو اس پر کیسے فردجرم ہو سکتی ہے؟جج نے کہاکہ آپ کو تمام متعلقہ دستاویزات فردجرم سے پہلے فراہم کی جائیں گی۔
بیرسٹرظفر اللہ نے کہاکہ وعدہ معاف گواہان میں مفتاح اسماعیل کانام بھی ہے،نہیں معلوم کہ نیب کی فہرست میں مفتاح اسماعیل کون ہے؟،اس ریفرنس کو چیئرمین نیب کے دستخطوں سے جمع کرایاگیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر شاہدخاقان عباسی،عبداللہ خاقان، مفتاح اسماعیل اوردیگرملزمان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،دو غیرملکی ملزمان شناصادق اورفلپ ناٹمین کا کیس الگ کردیاگیا،عدالت نے کہاکہ کراچی میں موجود ملزمان پر ویڈیو لنک کے ذریعے فردجرم عائد کی جائے گی۔