ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سیکٹر جامشورو کی جانب سے سرگودھیں اسپرٹ ٹرسٹ پبلک اسکول میرپور خاص روڈ میں ایک پروقار روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں جامشورو کے سیکٹر کمانڈر زاہد نذیر نے شرکت کی جبکہ اسکول پرنسپل محمد زبیر، اساتذہ، اسٹاف اور کثیر تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔
سیمینار میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد راشد صدیقی نے ملٹی میڈیا کے ذریعے طلباء کو روڈ سیفٹی کے اوپر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں رونما ہونے والے مختلف نوعیت کے حادثات کی ویڈیوز دکھائی گئیں اور حادثے کی وجوہات کی طرف توجہ دلائی گئی تاکہ روزمرہ کی زندگی میں دوران ڈرائیونگ ان اسباب کو ملحوظ خاطر رکھ کر روڈ سیفٹی پر عمل کرتے ہوئے اپنے اور دوسروں کے سفر کو محفوظ بنایا جاسکے۔
نوجوان نسل کو ون ویلنگ،ریسنگ،بغیر سیفٹی ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے کے ممکنہ نقصانات سے آگاہی دی گئی۔
مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر جامشورو زاہد نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ طلباء روڈ سیفٹی کی اس ملک گیر مہم میں موٹروے پولیس کے اہم سفیر ہیں کیونکہ آپ مستقبل کے معمار ہیں اور آپ جب تک روڈ سیفٹی قوانین سے آگاہ نہیں ہونگے تب تک ہمارا یہ پیغام اور ہماری کوششیں کار آمدہ ثابت نہیں ہو سکتیں۔ آپ پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ بحیثیت قوم یہ ہم سب کا فریضہ ہے کہ ہم اپنے ملک کی شاہراہوں پر روڈ سیفٹی شعور کے ساتھ سفر کریں تاکہ دوسرے ممالک کے لوگ ہمارے طرزِ سفر کو اپنائیں اور یہاں آکر دوران سفر خود کو محفوظ جانیں۔
اسکول پرنسپل محمد زبیر نے سیکٹر کمانڈر زاہد نذیر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روڈ سیفٹی کے شعور کو بیدار کرنے میں موٹروے پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔۔سیمینار کے آخر میں سیکٹر کمانڈر زاہد نذیر نے اسکول پرنسپل محمد زبیر کو یادگاری شیلڈ کا تحفہ پیش کیا جبکہ طلباء میں سیکٹر جامشورو کی جانب سے گفٹ پیکٹ،ہینڈ پمفلٹ،130 ہیلپ لائن اسٹیکر اور دیگر لٹریچر تقسیم کیا گیا۔ شرکاء نے موٹروے پولیس کی ایسی کاوش کو سراہا۔