عدالت نے کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت سے متعلق کیس میں پولیس کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے سی ای اوکے الیکٹرک مونس علوی کو نامزد کرنے کا حکم جاری کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غربی میں کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران پولیس نے مقدمہ سی کلاس کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہری کی ہلاکت کا مقدمہ غلط فہمی کی بنیاد پردرج کیا گیا تھا، شہری کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں غلطی سے داخل ہوا تھا، شکایت کنندہ کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی نہیں چاہتا۔
عدالت نے پولیس رپورٹ مسترد کرتے ہوئے رپورٹ کو چالان میں تبدیل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ شہری اپنی غلطی سے ہلاک ہوا مگر ہلاکت تو ہوئی ہے، حیران کن بات ہے کہ سب اسٹیشن پر کوئی دروازہ، نہ کوئی سیکیورٹی سائن تھا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ حفاطتی اقدامات نہ ہونے کی ذمے داری مذکورہ ملزمان پرعائد ہوتی ہے، تفتیشی افسر ایسے معاملات میں کمپرومائز نہیں کر سکتا، فریقین میں اگر معاملات طے پا گئے ہیں تو وہ سیشن عدالت کے سامنے فائل کر سکتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسرکی اس رپورٹ کو چالان میں تبدیل کیا جا رہا ہے، سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی، ڈسٹری بیوشن ہیڈ عامر، سینئر سیکیورٹی آفیسر فہیم اور اسسٹنٹ منیجر اویس کو ملزم نامزد کیا جائے۔