پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہزیمت کی ماری بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 عام شہری اور ایک فوجی جوان شہید ہوا۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 7 اور 8 نومبر کی درمیانی شب بھارتی فوج کا مقبوضہ کمشیر کے علاقے کپواڑہ میں چند حریت پسندوں سے مبینہ مقابلہ ہوا، اس جھڑپ میں 4 بھارتی فوجی مارے گئے، ہزیمت کی ماری بھارتی فوج نے 13 نومبر کو ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر آزاد کشمیر کی شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج نے مختلف سیکٹرز پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی ، توپ خانہ بھی استعمال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کی وادی نیلم، وادی لیپہ، وادی جہلم اور وادی باغ کی شہری آبادیوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے4 بے گناہ شہری شہید اور 12 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے مؤثرجواب دیا اور فائر کرنے والی بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس سے بھارتی فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا اور اس کی تصدیق بھارتی میڈیا نے بھی کی ہے، فائرنگ کے اس تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید اور 5 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کا نقصان تسلیم شدہ نقصان سے کہیں زیادہ ہے، یقین دلاتے ہیں ایسی اشتعال انگیزیوں کا اسی انداز میں جواب دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی اخلاقی پستی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا عکاس ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور امن پاک فوج کی بھی خواہش ہے، تاہم اپنا خون اور جانیں دے کر بھی مادر وطن اور کشمیری بھائیوں کا دفاع کریں گے۔