وزیراعظم عمران خان نے کشمور واقعہ میں بہادری دکھانے والے پولیس اہلکار کو فون کیا ہے اور اس کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے اسے شاباش دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اے ایس آئی محمد بخش نے پولیس کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خواتین کو ایسے واقعات کے تحفظ دینے کے لیے قانون لارہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی سے ایک خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور لے جایا گیا جہاں ملزمان نے خاتون اور ان کی 4 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے زیادتی کی تفصیلات کشمور کے تھانے میں 10 نومبر کو درج کرائی تھیں اور بتایا تھا کہ ملزمان نے 4 سالہ بچی علیشا کو اپنے قبضے میں رکھ کر اسے اس شرط پر رہا کیا کہ وہ کراچی سے ایک خاتون کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لائے گی، جس پر اے ایس آئی محمد بخش ابڑو نے اپنی بیٹی سے مدد لی۔
محمد بخش ابڑو نے متاثرہ خاتون کے ساتھ اپنی بیٹی کو اس کی ساتھی بناکر ملزمان کے پاس بھیج دیا اور پھر خود پیچھے سے پولیس کی نفری لے کر پہنچ گئے اور جیسے ہی دونوں خواتین اندر گئیں تو پولیس نے پیچھے سے چھاپہ مار کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔