بھارت نے حال ہی میں 30 دہشت گردوں کو پاکستان منتقل کیا ہے، میجر جنرل بابر افتخار
بھارت نے حال ہی میں 30 دہشت گردوں کو پاکستان منتقل کیا ہے، میجر جنرل بابر افتخار

نومبر،دسمبرمیں کراچی، لاہور، پشاور میں دہشتگردی کا خطرہ ہے، ترجمان پاک فوج

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے خبردار کیا ہے کہ نومبر اور دسمبر میں کراچی، لاہور اور پشاور میں بھارتی دہشت گردی کے بڑے واقعات کا خطرہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کوتربیت اوراسلحہ فراہم کررہا ہے اور کالعدم تنظیموں کا کنسورشیم بنارہا ہے، پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے، افغانستان میں بھارتی سفارتخانے اور قونصل خانے پاکستان مخالف سرگرمیوں کا گڑھ بن چکے ہیں، بھارتی سفارتخانے میں تعینات بھارتی کرنل راجیش دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے اور 4 بار دہشت گردوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ نومبر دسمبر میں کراچی، لاہور اور پشاور میں دہشت گردی کے بڑے واقعات کا خطرہ ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی داعش پاکستان بنانے کی سازش کررہی ہے، اس نے حال ہی میں 30داعش دہشتگردوں کو پاکستان اورارد گرد منتقل کیا ہے اور کالعدم تنظیموں میں اربوں روپے تقسیم کیے جارہے ہیں، الطاف حسین گروپ کو بھی بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘نے دو کمپنیوں کے ذریعے فنڈنگ کی اور اجمل پہاڑی نے بھارت میں ٹریننگ لینے کا اعتراف کیا تھا۔