گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 24 نشستیں ہیں تاہم آج 23 نشستوں پرالیکشن ہوگا۔ جی بی اے تھری میں تحریک انصاف کے امیدوارجعفر شاہ کے انتقال کرجانے کی وجہ سے الیکشن نہیں ہوگا۔
گلگت بلتستان الیکشن میں 7 لاکھ 45 ہزار361 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں سے مرد ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 82 ہزار 997 اور خواتین ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 21 ہزار 75 ہے۔
پریذائیڈنگ آفیسرز کو پولنگ سامان کے ساتھ کورونا سے بچاؤ کے لئے ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر بھی خصوصی طور پر فراہم کئے گئے ہیں جب کہ الیکشن ڈے پر امن وامان قائم رکھنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر 15ہزار 900 سے زائد سیکیورٹی اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
دیگر صوبوں سے 5 ہزار 700 اضافی پولیس نفری بھی الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کی گئی ہے جبکہ سینٹرل پولیس آفس گلگت میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت کئی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں تاہم پی ٹی آئی، (ن) لیگ اور پی پی میں کاٹنے کا مقابلہ متوقع جبکہ آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزمائیں گے۔
گلگت بلتستان الیکشن کیلیے تحریک انصاف ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی طرف سے بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی ۔ ایسا پہلی بار ہوا کہ مین سٹریم جماعتوں نے یہاں اتنی محنت سے کمپین چلائی ہے۔