پاکستان میں کورونا کی دوسری لہرکے وار جاری ہیں اورگزشتہ روزمزید 32 افراد وبا کے باعث جان کی بازی ہارگئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39410 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2443 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 32 افراد انتقال کرگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق گزشتہ روزکورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 6.2 فیصد رہی۔
پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7141 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی کیسز3 لاکھ 56 ہزار 904 تک جا پہنچے ہیں۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں 811 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے۔ پاکستان میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 26538 ہے جبکہ 1377 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 154738 ہوگئی ہے جبکہ 2738 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 109993 ہے اور 2471 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16393 اور ہلاکتیں 156 ہو چکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 41990 اور 1309 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 5349 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 119 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4447 اور 93 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 23994 ہے اور اب تک 255 مریض انتقال کر چکے ہیں۔