حلقہ 21 غذر3 میں خصوصی افراد بھی ووٹ کاسٹ کرنے آ ئے۔فائل فوٹو
حلقہ 21 غذر3 میں خصوصی افراد بھی ووٹ کاسٹ کرنے آ ئے۔فائل فوٹو

ضلع نگرمیں 98 سالہ بزرگ نے بھی ووٹ ڈالا

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں 23 نشستوں پر ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے۔

اسکردو حلقہ 2 چنداہ میں منفی 6 سینٹی گریڈ بھی عوام کے جذبے کو کم نہ کر سکا، سینکڑوں لوگ اس وقت پولنگ اسٹیشنز کے باہر اپنی باری کے انتظار میں موجود تھے ۔ غذر میں پھنڈر میں برف باری کے دوران پولنگ جاری رہا ، جب کہ پولنگ کے عمل کو محفوظ طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پولیس عملہ بھی چوکس ہر جگہ موجود تھا۔

گلگت ڈیویژن کے ضلع نگرمیں 98 سالہ بزرگ ووٹر شعبان علی نے شدید سرد موسم میں ووٹ ڈالا جبکہ ایک 80 سال سے زائد عمر کے ایک ٹانگ سے معذور بزرگ نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

گلگت بلتستان میں برفباری اور موسم شدید سرد ہونے کے باوجود پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کا رش نظر آ رہا ہے جو ووٹ کاسٹ کرنے آئے ہیں، جبکہ شدید سردی کے باوجود خواتین بھی بڑی تعداد میں صبح سویرے ہی ووٹ ڈالنے پہنچ گئیں۔

گلگت بلتستان کے 98 سالہ بزرگ ووٹر شعبان علی نے پولنگ اسٹیشن نمبر21 جعفر آباد میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

حلقہ 21 غذر3 میں خصوصی افراد بھی ووٹ کاسٹ کرنے آ ئے ، پولنگ اسٹیشن طاؤس بالا میں معذور نوجوان ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گیا جبکہ 80 سالہ احمد علی نے پوتے کے سہارے ووٹ کاسٹ کیا۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا یہ عمل  شام 5 بجے تک جاری رہے گا، شام 5 بجے کے بعد جو ووٹرز پولنگ اسٹیشنز میں ہوں گے وہ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔