وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہبازگل نے دعویٰ کیا ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار تحریک انصاف کے ساتھ شامل ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہبازگل کا کہنا تھا کہ ’آزاد امیدوار بھی انشاء اللہ پی ٹی آئی کے ساتھ شامل ہوں گے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ مختلف حلقوں میں مضبوط امیدواروں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا ہے اس لیے اُن کی کامیابی یقینی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’سیف اللہ نیازی اور ہماری ٹیم گزشتہ6،7ماہ سےکام کررہی تھی، ہم نے کنفیوژن سے بچنے کے لیے نےبعض لوگوں کوٹکٹ نہیں دیےتھے‘۔
شہباز گل نے بتایا کہ نوازشریف نے گلگت بلتستان انتخابات میں دعوے ضرورکیے مگراصل حقائق یہ ہے کہ تحریک انصاف کی پوزیشن مضبوط ہے۔
واضح رہے کہ آج گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے چوبیس میں سے 23 حلقوں پر انتخابات ہوئے ہیں جن میں تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت آزاد امیدواران نے حصہ لیا۔
گلگلت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کی کُل 24 نشستیں ہیں جن میں سے ایک حلقے گلگت 3 میں امیدوار کے انتقال کی وجہ سے الیکشن کو ملتوی کیا گیا۔
گلگت بلتستان میں انتخابات کے لیے 1160 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے جن میں سے 418 کو انتہائی حساس جبکہ 311 کو حساس قرار دیا گیا تھا، انتخابات میں 330 امیدواران نے حصہ لیا۔