دبئی سے آنے والے 38 مسافروں کے سامان کو غیرقانونی طورپرکلیئر کیا جارہا تھا۔فائل فوٹو
دبئی سے آنے والے 38 مسافروں کے سامان کو غیرقانونی طورپرکلیئر کیا جارہا تھا۔فائل فوٹو

کراچی ائیرپورٹ پرکھیپیوں سے 6 کروڑکا اسمگل سامان پکڑا گیا

کراچی۔ کسٹمز نے کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل پرایک ہی فلائٹس سے آنیوالے 38 کھیپیوں کے خلاف کارروائی میں 6 کروڑ روپے کی اسمگل کی جانے والی اشیا برآمد کرلی۔پاکستان کسٹم پریونٹیو جناح ٹرمینل پر ڈپٹی کلکٹر انعام وزیر کی کامیاب کارروائی میں 38کھیپیوں کے خلاف کارروائی میں 6کروڑ روپے مالیت کی اشیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ، کسٹمز حکام نے بازیاب مصنوعات ضبط کرکے7 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔

ملزمان میں محمدیاسر،سید کامران حسین، محمداحمدخان، عمران خان،کامران کاشف،جمیل الدین قریشی،شیخ یاسرربانی شامل ہیں، برآمد سامان کی غیرقانونی کلیئرنس میں ملوث کسٹمزافسران اور عملے کے خلاف بھی محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے، مذکورہ کارروائی دبئی سے آنے والی ایمریٹس کی فلائٹ نمبر606 کے ذریعے آنے والے 38 مسافروں کے سامان پر شک کی بنیاد پر کی گئی۔

کسٹمز حکام کی جانچ کے دوران مسافروں کے سامان سے لیپ ٹاپ، ایس ایس ڈی کارڈز، مصنوعی زیورات، آئی فون ، یوایس بی،گلاس بیٹس،ایپل واچ، کونٹک لینس، کاسمیٹکس،آئی پیڈ، سام سنگ ٹیبلٹ، الیکٹرانکس اشیا، مالبروگولڈ، سین ڈسک الٹریو ایس بی، مہنگے چاکلیٹ، قیمتی موبائل فونز، مہنگے پرفیومز برآمد ہوئے ہیں، 38کھیپئے سامان کراچی ایئرپورٹ پرتعینات کسٹمز افسران کی ملی بھگت سے گرین چینل کے ذریعے کلیئرکرنے کی کوشش کررہے تھے جنہیں ڈپٹی کلکٹرانعام اللہ وزیر کی بروقت مداخلت پرگرین چینل کے ذریعے کلیئرنس کو روکا گیا۔

ڈپٹی کلکٹرکسٹمزنے بتایاکہ دبئی سے آنے والے 38 مسافروں کے سامان کو غیرقانونی طورپرکلیئر کیا جارہا تھا، کلیئرنس میں ایئرپورٹ پرتعینات افسران وعملہ بھی ساتھ دے رہا تھا ۔

انہوں نے بتایاکہ غیرقانونی کلیئرنس میں ملوث کسٹمز افسران وعملے کو ڈیوٹی آف کرکے محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے ، کھپیئے گرین چینل کا ناجائز فائدہ اٹھا کر سامان کلیئرکرارہے تھے کسٹم حکام نے38کھیپیوں کے پاسپورٹ بھی قبضے میں لے لئے ہیں۔