وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے،افغانستان کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔۔
وزیراعظم عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ افغانستان گئے ہیں جہاں کابل پہنچنے پرائیرپورٹ پرافغان وزیر خارجہ حنیف اتمر نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔
صدارتی محل پہنچنے پرافغان صدر اشرف غنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا،اس موقع پرانہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اوردونوں ملکوں کے ترانے بھی بجائے گئے۔
وزیراعظم عمران خان نورخان ایئر بیس سے خصوصی طیارے پرکابل روانہ ہوئے تھے ،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورہ افغانستان میں افغان امن عمل، دوطرفہ تعلقات پر بات کریں گے، وزیراعظم ایک روزہ دورہ افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کررہے ہیں،ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ افغانستان انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہے۔