سی ٹی ڈی نے میرپورخاص میں کارروائی کے دوران کراچی میں سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث 4 خطرناک دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ میرپورخاص میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان ماہ جون، جولائی اور اگست میں اداروں سمیت سچل، کوٹری، لیاقت آباد احساس سینٹراورگلشن حدید میں ہونے والے حملوں میں ملوث تھے جبکہ گرفتار ملزمان کا تعلق قوم پرست تنظیم ایس آر اے سے ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ ایس آر اے کو بیرونی قوتیں فنڈنگ فراہم کرتی تھیں، ملزمان کے گروپ میں مزید دہشت گرد بھی شامل ہیں جنکی تلاش جاری ہے، گروپ کے سرغنہ کی گرفتاری کے لیے وفاقی اداروں کے ہمراہ مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، گرفتار دہشت گردوں کو علاقائی سیاسی جماعت کی ممکنہ پشت پناہی حاصل تھی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا تھا کہ ایس آر اے قوم پرست جماعتوں میں سب سے زیادہ متحرک تھی، چاروں ملزم اس ہی نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو حملے کررہا تھا، ملزموں سے دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں جب کہ 3 سے 4 حملوں میں ملزم سہیل میرانی اور بشیر شر ملوث ہیں، اس کے علاوہ ملزم مبینہ ٹاؤن تھانے پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے اور چائینیز کی بس پر بھی حملہ کرنا چاہتے تھے۔
عمر شاہد حامد کا کہنا تھا کہ ایس آراے کا سربراہ اصغر شاہ ہے جو افغانستان میں ہے اور دہشت گردوں کو ہدایات بھی افغانستان سے ہی دی جارہی تھیں۔