تحریک لبیک کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کل صبح 11 بجے مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جس میں شرکت کیلیے مختلف شہروں سے قافلے چل پڑے ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے ذرائع کا کہناہے کہ اس سے پہلے یہ اعلان سامنے آیا تھا کہ مولانا خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ جمعہ کے بعد ادا کی جائے گی لیکن بڑی تعداد میں لوگوں کی بیرون ملک سے بھی آمد متوقع ہے جس کے باعث نماز جنازہ کا وقت تبدیل کرتے ہوئے ہفتہ کی صبح 11 بجے کردیا گیاہے ۔
مولانا خادم حسین رضوی کا جسد خاکی اسکیم موڑ چوک یتیم خانہ میں واقع مسجد سے ملحقہ گھر میں رکھا گیاہے،مسجد اورعلاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ دو رویہ سڑک کو بھی ٹریفک کیلیے بند کر دیا گیاہے لیکن اورنج لائن میٹر و ٹرین بند نہیں کی گئی ہے۔مسجد کے باہر خادم حسین رضوی کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے ۔
خاندانی ذرائع کا کہناہے کہ مولانا خادم حسین رضوی کو جمعرات کی شب طبیعت خراب ہونے پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم ہسپتال کا کہناہے کہ جب انہیں یہاں لایا گیا تو ان کا انتقال ہو چکا تھا ، مولانا خادم حسین رضوی کو چند روز سے بخار تھا اور انہیں سانس لینے میں بھی دقت تھی ۔