وزیراعظم عمران خان نے اپنی سربراہی میں نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرنے ملک بھرکے نوجوانوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں، وزیراعظم عمران خان نے ساری جدوجہد نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلیے کی ہے، عمران خان نے نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ یوتھ کونسل کی سربراہی وزیراعظم عمران خان خود کریں گے، ملک بھر سے 50 نوجوانوں کا انتخاب کیا جائیگا، نوجوان وزیراعظم کے ساتھ مل کر وہ پالیسیاں تشکیل دیں گے جو ان کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیرنے بتایا کہ پاکستان بننے اورعمران خان کی جدوجہد میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، یوتھ کونسل کا سلیکشن پراسس انتہائی شفاف اور میرٹ کی بنیاد پرکیا جا رہا ہے،نوجوان نیشنل یوتھ کونسل میں شامل ہونے کے لیے کامیاب جوان کی ویب سائٹ سے اپلائی کریں، 50 بہترین قابل نوجوانوں کو کونسل رکنیت کیلیے منتخب کیا جائیگا۔