علامہ خادم حسین رضوی کی میت والا قافلہ مینار پاکستان کی جانب رواں دواں ہے۔ ملتان روڈ کی دونوں سڑکوں پر اس وقت عام ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ قافلے کے ساتھ سینکڑوں عقیدت مند مسلسل پیدل چل رہے ہیں۔ عقیدت مند مسلسل لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صدائیں بلند کر رہے ہیں۔
علامہ خادم حسین رضوی کی میت والے قافلے کے راستے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ ٹریفک وارڈنز قافلے کے آگے، پیچھے اور دائیں بائیں چلنے والی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں مصروف ہیں۔ قافلے کے ساتھ زیادہ تر لوگ پیدل چل رہے ہیں۔ میت والی ایمبولینس کے رسہ بردار رضاکاروں نے گھیرے میں لے کر عقیدت مندوں کو قریب آنے سے روک رکھا ہے۔ جگہ جگہ مقامی افراد قافلے کو دیکھ کر لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صدائیں بلند کر رہے ہیں
قافلے کے ساتھ پیدل سواروں کے علاوہ موٹر سائیکل، گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں میں بھی لوگ سوار ہیں۔ مولانا خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ ادا کرنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند گریٹر اقبال پارک میں موجود ہیں۔ گریٹر اقبال پارک مکمل طور پر بھر گیا لوگ سڑکو ں پر موجود ہیں۔