وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہرکے باعث اگر ملک میں لاک ڈاؤن کرنا پڑا تو اس کی ذمے داراپوزیشن ہوگی۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر پھیل رہی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے، اکثر ممالک میں مکمل لاک ڈاؤن ہے گزشتہ 15 روز میں وینٹی لیٹر پر جانے والے کورونا مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، پشاور اور ملتان میں 200، کراچی 148 فیصد، لاہور 114 فیصد اور اسلام آباد میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں لاک ڈاؤن کی طرح کے اقدامات نہیں اٹھانا چاہتا کیونکہ اس سے ایسے وقت ہماری معیشت پر برے اثرات پڑیں گے جب ہم معاشی طور پر بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن کا مقصد صرف این آر او کا حصول ہے چاہے اس کے لیے عوام کی زندگیوں اور ملک کی معیشت کو کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ این آراو کے حصول کے لیے اپوزیشن لوگوں کی زندگی اور ذریعہ معاش خطرے میں ڈال رہی ہے، میں واضح کرتاہوں کہ اپوزیشن 10 لاکھ جلسے بھی کرلے انہیں آر او نہیں ملے گا۔ کورونا کیسز اسی رفتار سے بڑھتے رہے تو مکمل لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا، ملک میں مکمل لاک ڈاؤن اوراس کے نتائج کی ذمہ دار پی ڈی ایم کی قیادت ہوگی۔