ایک طرف شہزادہ بلاول تو دوسری طرف شہزادی مریم بیٹھی ہے، ہمیں اس نظام سے بغاوت کی ضرورت ہے، سربراہ جماعت اسلامی
ایک طرف شہزادہ بلاول تو دوسری طرف شہزادی مریم بیٹھی ہے، ہمیں اس نظام سے بغاوت کی ضرورت ہے، سربراہ جماعت اسلامی

عمران خان کے لیے مزید حکمران رہنا جائز نہیں۔سراج الحق

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ گلگت اور چترال سے کراچی تک گلی گلی میں شور ہے کہ عمران خان کے لیے مزید حکمران رہنا جائز نہیں کیونکہ حکومت نے قوم کو مایوس کیا ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے سوات کے گراسی گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ جماعتِ اسلامی تنہا جدوجہد کر رہی ہے، پی ڈی ایم کا حصہ کیوں نہیں بنی، ہم چند لوگوں کے مفادات کے لیے پی ڈی ایم کے اتحاد کا حصہ نہیں بن سکتے۔

سراج الحق نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے گزشتہ دنوں بتایا کہ ہماری حکومت ختم ہو رہی ہے، اس وزیر نے کہا کہ اس حکومت نے ہم سب کو بھی بدنام کیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت نے برباد کردیا ہے، عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ اگر عوام نے ان کے خلاف احتجاج کیا تووہ استعفیٰ دے دیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ نہ بولنے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے جھوٹ کو یوٹرن کا نام دے دیا ہے، حقیقت تو یہ ہے کہ یہ نالائق ترین حکومت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا پاکستان کو اسلامی ریاست بناؤں گا لیکن عمران خان نے اب تک مدینہ کی ریاست کی طرف کون سا قدم اٹھایا ہے؟

سراج الحق کا مزید کہنا ہے کہ کشمیر کی جدوجہد کو عمران خان نے برباد کیا، کشمیر کی 73 سالہ جدوجہد کو ختم کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تو گلگت اور چترال سے کراچی تک گلی گلی میں شور ہے کہ عمران خان کے لیے مزید حکمران رہنا جائز نہیں کیونکہ حکومت نے قوم کو مایوس کیا ہے۔