وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوازشریف اور شہبازشریف کی والدہ کے انتقال پراظہارتعزیت کی ہے، وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہاہے کہ اللہ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا ’اللہ پاک مرحومہ کے درجات بلند کرے۔‘
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے بھی نوازشریف اور شہبازشریف کی والدہ کے انتقال پراظہار افسوس کیاہے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے مرحومہ شمیم اخترکی مغفرت اور بلند درجات کیلیے دعاکی،انہوں نے کہاکہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور نے نوازشریف ،شہبازشریف کی والدہ کے انتقال پراظہار افسوس کیاہے،چوہدری شجاعت ،پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے بیگم شمیم اخترکے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،اللہ پاک یہ صدمہ حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق نے نواز شریف کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نہایت نیک سیرت انسان تھیں، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اوراللہ تعالی میاں صاحبان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا نواز شریف اور شہبازشریف کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔
بیگم شمیم اختر کے انتقال پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور شریف برادران سمیت تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔